کوئٹہ میں داعش کی وال چاکنگ کی تحقیقات کر رہے ہیں، سربراہ کوئٹہ پولیس
شیعہ نیوز (کوئٹہ) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں داعش کی وال چاکنگ کے حوالے سے پولیس کوشش کر رہی ہے کہ اس میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جا سکے تاحال اس بارے میں کوئی کامیابی نہیں حاصل ہوئی اور نہ ہی کوئی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر نظر رکھیں اور مجھے یا دیگر اداروں کو اطلاع دیں۔ تمام تھانوں کے باہر میرا نمبر درج ہے۔ شہر کے مختلف سڑکوں پر لگائے جانے والے سائن بورڈ پر مختلف پارٹیوں کے پوسٹر چسپاں ہیں۔ اس لئے سیاسی و مذہبی رہنماؤں کو اپنی پارٹیوں ورکروں کو اس بارے میں ہدایت دینی چاہیئے کہ وہ ان بورڈز پر پوسٹرز چسپاں نہ کرے۔ پولیس لائن کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ جنداللہ اور داعش کے نمائندوں کی بلوچستان میں میٹنگز کے حوالے سے کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سحر بتول کے قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے اچھی پیشرفت ہوئی ہے، اس حوالے سے جلد میڈیا کو آگاہ کرینگے۔