ظالموں کی بادشاہت کا خاتمہ کریں گے اور ملک میں انصاف کا نظام لائیں گے، طاہر القادری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی شہیدوں کے خون کے ساتھ دھوکہ دہی، ظلم، جبر اور بربریت کی ایک شرمناک داستان ہے، اسے 100 فیصد مسترد کر چکے ہیں یہ جے آئی ٹی قاتلوں کو کلین چٹ دینے کے لئے بنائی گئی ہے۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ کارکنان کے ساتھ عام شہری بھی بڑی تعداد میں ہمارے قافلے کے ساتھ ہیں اور اب یہ عوام کا سمندر بن چکا ہے، ہم ان ظالموں کی بادشاہت کا خاتمہ کریں گے اور ملک میں انصاف کا نظام لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے ساتھ سیاسی جرگے سمیت اب تک جتنے بھی مذاکرات ہوئے ہیں ان میں تحریری طور پر کوئی چیز طے نہیں پائی تھی لیکن زبانی طور پر حکومت نے جن اصولوں پر رضامندی ظاہر کی تھی ان سے سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جرگے نے تحریری طور پر یہ تجویز پیش کی تھی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے پنجاب کے علاوہ کسی دوسرے صوبے کے افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جائے اور ہم نے اس تجویز میں یہ اضافہ کیا تھا کہ جے آئی ٹی خیبر پختونخوا کے پولیس افسران پر مشتمل ہو اس لئے کہ کے پی کے کے پولیس افسران پر وفاقی اور پنجاب حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہو گا، یہ بات طے ہوئی تھی کہ اگر ہماری جانب سے پیش کئ گئے پولیس افسران کے نام پر کوئی شق ہو تو انہیں تبدیل کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہم نے یہ شرط بھی رکھی تھی کہ جے آئی کی تحقیقات کے لئے 2 افسر آرمی سے ایک آئی ایس آئی سے اور ایک ملٹری انٹیلیجنس سے رکھا جائے۔ ہم نے کہا تھا کہ جے آئی ٹی میں پنجاب پولیس کا کوئی افسر قبول نہیں کیا جائے گا لیکن اس کے باوجود پنجاب پولیس کے افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دی گئی جسے ہم 100 فیصد مسترد کر چکے ہیں، یہ بے کار اقدام ہے اور شہیدوں کے خون کے ساتھ دھوکہ دہی ہے او ر ظلم پر ظلم، جبر پے جبر اور بربریت کی ایک شرمناک داستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے قاتلوں پر مشتمل جے آئی ٹی بنائی گئی ہے اور قتل کے منصوبہ ساز جے آئی ٹی بنانے والے ہیں۔ ہم کسی لحاظ سے کسی ایسی جے آئی ٹی کو ماننے کے لئے تیار نہیں جس میں پنجاب پولیس کے افسران شامل ہوں اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے مستعفی ہونے تک کوئی بھی جے آئی ٹی قبول نہیں کی جائے گی۔ طاہرالقادری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے خود لاہور ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل ایک ٹریبونل بنایا اور جب اس ٹریبونل نے اپنی رپورٹ پیش کی تو وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتناعی لے لیا اور آج تک اس رپورٹ کو سامنے نہیں لایا گیا کیونکہ اس میں پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔ وزیر اعلی پنجاب نے ٹریبونل کی رپورٹ پر اپنے ریٹائرڈ ملازم بیوروکریٹس پر مشتمل کمیٹی بنا کر اس کا جائزہ لیا اور اس رپورٹ کو ہی بدل دیا جو کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا شرمناک فعل ہے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اگر آپ کو ٹریبونل پر اعتماد نہیں تھا تو بنایا کیوں تھا، اگر وہ ٹریبونل انہیں بری کر دیتا تو پھر کوئی جائزہ کمیٹی نہ بنتی، جب وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ حال ہو کہ انہیں اپنے بنائے ہوئے ٹریبونل پر ہی اعتماد نہیں تو پھر ہم ان کی جے آئی ٹی پر کیسے اعتماد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے ختم کرنے کے سوال پر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ہم نے دھرنے ختم نہیں کئے بلکہ انہیں ملک گیر انقلابی تحریک میں بدل دیا ہے، دھرنوں کو ایک جگہ منجمد رکھنے کے بجائے انہیں ملک کے چاروں صوبوں میں پھیلا دیا ہے تاکہ لوگوں کو اس انقلاب کا حصہ بنا یا جائے۔ اگلے لائحہ عمل کے طور پر 22 نومبر کو بھکر پہنچ رہا ہوں اور 23 نومبر کو ایک عظیم الشان جلسہ ہو گا اور اس کے اگلے روز دھرنا ہو گا۔ ہر شہر میں ایسا ہی ہو گا ایک دن جلسہ ہو گا ا ور اس کے اگلے روز قریبی شہر میں دھرنا ہو گا۔ 5 دسمبر کو سرگودھا میں جلسہ ہو گا، 14 دسمبر کو سیالکوٹ میں، 21 دسمبر کو مانسہرہ میں اور پھر 25 دسمبر کو کراچی میں ایک عظیم الشان جلسہ ہو گا۔ اس دھرنے نے عوام میں جو شعور بیدار کیا ہے جس نے لوگوں کے ذہنوں میں فکری انقلاب برپا کر دیا ہے، 70 روز کے دھرنے نے اس نظام کے خلاف لوگوں کے اندر جو نفرت پیدا کی ہے اب ہم اسے پھیلا رہے ہیں اور ملک گیر سیاسی طاقت بنانے کے لئے اسے بنیاد بنا رہے ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سے اختلافات کی خبروں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں، یہ فتنہ گری کی گئی ہے، ہمارا کسی موضوع پر کوئی اختلاف نہیں بلکہ میری عدم موجودگی میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقاتیں بھی ہوئیں اور ابھی ہمارے جلوس کے دوران شاہ محمود قریشی نے فون کیا اور ہمیں مبارکباد دی ہے، بعض لوگوں کی روش ہے کہ جہاں بھی جس طریقے کا جھوٹ بولا جا سکے وہ بولیں۔ عمران خان سے ملاقات کا کوئی مسئلہ نہیں ہم جب چاہیں گے ایک دوسرے سے ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل طاہرالقادری علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے تو خواتین اور بچوں سمیت پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنے قائد کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے طاہرالقادری کی بڑی بڑی تصاویر اور بینر اٹھا رکھے تھے اور اپنے قائد کے حق میں نعرے بازی کی۔