لاہور، تحریک جعفریہ کے وفد کی جماعت اسلامی کے اجمتاع میں شرکت
شیعہ نیوز (لاہور) لاهور میں مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہونے والے جماعت اسلامی کے اجتماع میں تحریک جعفریہ پاکستان کے وفد نے بھی شرکت کی۔ علامہ رمضان توقیر صدر خیبر پختونخوا، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی سینئر نائب صدر پنجاب، علی عمران علوی سیکرٹری اطلاعات تحریک جعفریہ پنجاب اور امام خمینی ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ افتخار حسین نقوی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تحریک جعفریہ پنجاب کے سینئر نائب صدر علامہ حافظ کاظم رضا نقوی نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی بحران سے گزر رہا ہے جبکہ بھارت کی ہماری سرحدوں پر بمباری جاری ہے، ہماری مغربی سرحد بھی دہشت گردوں سے محفوظ نہیں، ایسی صورت حال میں قوم کے اتحاد کی اشد ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک جعفریہ کے وفد کی جماعت اسلامی کے اجتماع میں شرکت کا مقصد اتحاد امت اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع پاکستان نے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کی بات کی ہے، اور آج ہم جماعت اسلامی کے اجتماع میں اتحاد، امن اور یک جہتی کا پیغام لے کر آئے ہیں۔