پیغام کربلا کے وارث عصر حاضر کی یزیدیت سے ٹکرانے کیلئے میدان عمل میں آئیں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہےکہ قومیں علم و تقویٰ کے ذریعہ فلاح اور کامیابی کا سفر طے کرتی ہیں۔ کربلا میں اقتدار نہیں بلکہ اقدار کی جنگ تھی۔ جہاں امام حسین عالی مقام نے اعلٰی انسانی اقدار کو زندہ کیا۔ پیغام کربلا کے وارث خاموش تماشائی بننے کی بجائے عصر حاضر کی یزیدیت سے ٹکرانے کیلئے میدان عمل میں نکل آئیں۔ کربلا کا آفاقی پیغام آج بھی بشریت کیلئے حریت و آزادی اور شجاعت و استقامت کا پیغام ہے۔ سیاسی، مذھبی جماعتیں، علمائے کرام اور عوام متحد ہو کر داعش کے فتنے کا سدباب کریں۔ تکفیری دہشتگرد گروہ پاکستانی قوم کیلئے ایک مصیبت ہیں۔ جنہوں نے مذہب کے نام پر اسلام دشمن سامراجی قوتوں کی خدمت کی۔ اسی لئے تکفیری عناصر کو عالمی سامراج کی سرپرستی حاصل ہے۔ کمیونیزم کی شکست کے بعد امریکہ کے اسلام دشمن سامراجی عزائم کی راہ میں اسلام کا انقلابی پیغام سب سے بڑی رکاوٹ ہے کیونکہ دین مقدس اسلام عالم بشریت کیلئے امن و سلامتی، اتحاد و اخوت کا علمبردار ہے۔ جو مظلوموں کا حامی اور ظالموں کا دشمن ہے۔ انتخابی دھاندلی سے متعلق غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں تاکہ اس شرمناک عمل کے تمام ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔ ملکی سیاست سے کرپشن، ٹیکس چوری، انتخابی دھاندلی سمیت اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔