پاکستانی شیعہ خبریں

پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل ضروری ہے،جنرل راحیل شریف

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنی سوچ مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لہذا تنازعات اور دہشت گردی کے خاتمے کیلیے حقیقت پسندانہ کردار ادا کرنا ہو گا اور خطے میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل ضروری ہے۔ کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014ء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے لئے مثال ہے جو گذشتہ 35 سال سے حالت جنگ میں ہے جس نے امن کی خاطر بیش بہا قربانیاں دیں اور دنیا ہماری کامیابی دیکھے گی۔ دہشتگردوں سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں اور بدلتے حالات کے ساتھ دفاعی ضروریات بھی تبدیل ہو رہی ہیں جب کہ مخصوص حالات کی وجہ سے مہاجرین کادوسرے ملک جانا بھی خطرے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ریاستی عناصر کی وجہ سے اندرونی سکیورٹی متاثر ہو رہی ہے۔ غیر ریاستی عناصر پر قابو نہ پایا گیا تو صورتحال گھمبیر ہو سکتی ہے، این جی اوز اور ملٹی نیشنل کمپنیز بھی ملکی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالتی ہیں اور ملکی سکیورٹی ہمسایہ ملکوں کی سکیورٹی پر بھی منحصر ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اندرونی سکیورٹی سے ہی بیرونی خطرات سے نمٹنا آسان ہوتا ہے اور صرف بارڈر سکیورٹی سے ملکی کی اندرونی سکیورٹی ممکن نہیں، ہم ایک مشکل وقت میں زندگی گزار رہے ہیں جس میں غربت، بیروزگاری، فوڈ سکیورٹی اور پانی کی کمی بھی نئے سکیورٹی چیلنجز ہیں۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ مذہب اورگروہی شناخت بھی جنگوں کی نئی وجوہات بن رہی ہیں اور ہمیں اپنے نظریات اور کلچر کے تحفظ کے لئے کام کرنا ہوگا۔

اس سے قبل سربراہ پاک فوج نے ایکسپو سینٹر میں آٹھویں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014ء کے لئے لگائے گئے اسٹالوں کا دورہ کیا اور ملکی و غیر ملکی مصنوعات کا معائنہ بھی کیا۔ نمائش میں 333 کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں جس میں 77 پاکستانی کمپنیوں کی جانب سے ٹینک، ایئرکرافٹ، اسلحہ اور دیگر عسکری ہتھیار نمائش میں رکھے گئے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو پاکستانی سمیت غیر ملکی اسٹالوں پر ہتھیاروں سے متعلق بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری، پاکستان ایرانوٹیکل کمپلیکس اور ٹیلی کمیونیکیشن سمیت مختلف اسٹالوں پر ہتھیاروں کا معائنہ کیا اور انہیں خوب سراہا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button