آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک آپریشن جاری رکھا جائے، علامہ مظہر عباس علوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سانحہ پشاور کے خلاف اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے شیعہ علما کونسل لاہور کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ایس یو سی پنجاب کے صدر علامہ مظہر عباس علوی نے کی۔ ریلی مسجد الحسین سے برآمد ہو کر فیروز پور روڈ اچھرہ میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں اور طالبان کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علما کونسل کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور انسانی تاریخ کا سیاہ ترین واقعہ ہے، اس بربریت اور سفاکیت کے باعث آج پوری قوم غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے پشاور کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سانحہ کے ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہیئے اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پاکستان بھر میں بلاامتیاز آپریشن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک پاکستان کی حکومتیں اور ریاستی ادارے دہشت گردی کے خلاف ٹھوس لائحہ عمل نہیں بنا سکے، قصاص کا قرآن کا حکم بھی معطل کر رکھا ہےجس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج دہشت گرد ہمارے بچوں کو ذبح کر رہے ہیں اور ملک بھر میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ آپریشن ضرب عضب کو آخری دہشت گرد کی موت تک جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی سرکاری لال مسجد میں داعش اور طالبان کی حمایت کی جارہی ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی، حکومت کی اسی غفلت کی وجہ سے ہم نے آج سانحہ پشاور دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر مولوی عبدالعزیز کو لال مسجد سے معزول کرے اور اس کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ریلی کے موقع پر شیعہ علما کونسل لاہور کے صدر علام حسن رضا قمی، قاسم علی قاسمی، چودھری صغیر عباس ورک، حکیم علی عباس، ملک فقیر حسین اور محسن کربلائی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔