ملک میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں، مٹھی بھر عناصر فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ملک میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، مٹھی بھر عناصر فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں۔ سرگودہا کے علاقہ بھیرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علما ءکونسل کے رہنما کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو سزائے موت دینے کا فیصلہ بہت پہلے ہو جا نا چاہئے تھا۔ امام بارگاہ درعباس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پر جتنا بھی ماتم کیا جائے وہ کم ہے، شیطانی کھیل کھیلنے والے دہشت گردوں نے معصوم طالبعلموں کو شہید کر کے بربریت کی وہ تاریخ رقم کی ہے، جس پر پوری انسایت تاقیامت ماتم کر تی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی میں ملوث مجرموں کو پھانسی دینے کے خاتمہ کیلئے ایمنسٹی انٹرنیشنل یا کسی بھی عالمی تنظیم اور ملک کو خاطر میں لائے بغیر پاکستان سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کیلئے سخت ترین اقدامات اٹھائے۔ انکا کہنا تھا کہ ہم آپریشن ضرب عضب کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس موقع پر سید وقار حسین، سید غلام حسین نقوی، زبیر عباس شیرازی اور مولانا اسد عباس حنظلہ نقی بھی موجود تھے۔