بعض مساجد اورمدارس تخریب کاری کو پروان چڑھا رہے ہیں نفیسہ شاہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پیپلز پارٹی کی ڈپٹی جنرل سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی نے کہا ہے کہ بعض مدارس اور مساجد تخریب کاری کو پروان چڑھانے میں مصروف عمل ہیں، ہمیں انہیں الگ کرنا ہوگا،خیرپور میں چودھویں قومی اسکاؤٹس جمبوری کی اختتامی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شا ہ جیلانی کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں کچھ ایسے ادارے بھی موجود ہیں جو تخریب کاری کو پروان چڑھانے میں مصروف عمل ہیں ، یہ ادارے مدرسوں اور مساجد کے نام پر موجود ہیں، ہمیں انہیں الگ کرنا ہوگا ، تاہم اکثریت مساجد و مدارس امن اور ہم آہنگی کا گہوارہ ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم اسکاؤٹس جمبوری کے ذریعے سانحہ پشاور میں ملوث دہشت گردوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے پر متحد و متفق ہے ، ان کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد مارا جاتا ہے لیکن اس کے پیچھے ایک فیکٹری بنی ہوئی ہے جو ان کی نشوونما کررہی ہے اور ان کا انفرا اسٹرکچر بھی موجود ہے ، انہوں نے کہاکہ سزا و جزا کا تصور ہونا چاہیے ، انصاف کے نظام کو فعال ہونا چاہیے ، اس کے ساتھ ساتھ ہمیں بحیثیت قوم دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے کے لئے حکمت عملی بنانا ہوگی اور وہ علاقے جو گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے شکنجے میں پھنسے ہوئے ہیں ہمیں ان کو آزادی دلانا ہوگی،اس موقع پر اختر میر اور عابد شاہ نے بھی خطاب کیا، واضح رہے کہ خیرپور میں ایک ہفتے سے جاری چودھویں قومی اسکاؤٹس جمبوری میں پاکستان سمیت پڑوسی ممالک کے شریک4 ہزار 500 اسکاؤٹس امن ،محبت، اخوت بھائی چارے اور انسان ذات کی قدر کرنے کے جذبے کے تحت اکٹھے ہوئے ۔اس جمبوری کا سلوگن بھی اسکاؤٹس کے ذریعے امن کا پرچار تھا۔