اے پی سی اہل تشیع کو نمائندگی نہ دینا افسوسناک ہے، علامہ نیاز نقوی
شیعہ نیوز (لاہور) وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے نائب صدر مولانا سید نیاز حسین نقوی نے جامعہ المنتظر ماڈل ٹاؤن لاہور میں خطبہ جمعہ میں کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حالیہ حکومتی اقدامات اور فوجی عدالتوں کی تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اہل تشیع کو دعوت نہیں دی گئی جبکہ دہشت گردی کے سب سے زیادہ متاثرین اہل تشیع ہی ہیں اس کے برعکس وزیراعظم نے ایسے لوگوں کو آس پاس بٹھایا ہوا تھا جن کے نام دہشت گردوں کے سرپرستی میں لئے جاتے رہے ہیں۔ مولانا نیاز نقوی نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت 14 صدیوں کے مسلمہ عقائد و عبادات کو خراب کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذکر حسین علیہ السلام میں چونکہ پورا دین بیان کیا جاتا ہے اس لئے اسے بھی غیر موثر بنانے کے لئے بعض بے دین لوگ اسے پیسہ کمانے کا ذریعہ بنا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا فرض ہے کہ بے دین اور شعار اسلام سے عاری خطیبوں کی حوصلہ شکنی کریں جو محض پیسے کمانے کے لئے منبر حسینی پر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تشیع ہی اصل اسلام ہے، اس کے خلاف سازشیں اسلام دشمن قوتوں کی ترجیح ہیں اس لئے قوم کو بیداری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔