لاہور، سابقین آئی ایس او کا 2 روزہ مرکزی اجلاس، تمام ڈویژنز سے 2،2 ممبران کی شرکت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں سابقین کے ہونے والے 2 روزہ مرکزی اجلاس میں ملک بھر کے تمام ڈویژنز سے ڈویژنل کمیٹی کے 2،2 ممبران نے شرکت کی۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر تہور حیدری نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ سابقین آئی ایس او کے مرکزی ترجمان ملک اعجاز حسین نے اجلاس کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے بانی شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 20ویں برسی 7،8 مارچ کو عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اس کے لئے بھرپور تشہیری مہم کا آغاز کیا جائے گا، برسی میں ملک بھر سے ہزاروں امامیہ طلباء اور سابقین شرکت کریں گے۔ انہوں نے اجلاس کو سابقین آئی ایس او کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی اجتماع سابقین کے اہداف و مقاصد کی تکمیل کے لئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا۔
مرکزی صدر تہور حیدری کا کہنا تھا کہ سابقین آئی ایس او کا اجلاس تنظیم میں تحرک پیدا کرے گا، طلباء کی تعلیمی و تربیتی اور مالی معاونت کے علاوہ ممبر سازی میں اضافہ ہوگا۔ سابقین آئی ایس او لاہور ڈیسک کے انچارج نثار ترمذی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں آئی ایس او کی مالی، تعلیمی اور مختلف منصوبوں میں عملی معاونت کو بھی زیر بحث لایا گیا ہے، جس پر تمام شرکاء نے اس بات کا عزم کیا ہے کہ تنظیم کی ترقی و مضبوطی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ اجلاس میں سابق مرکزی صدور اطہر عمران، سرفراز حسینی، علی رضا بھٹی، عادل بنگش سمیت دیگر سینئرز نے بھی شرکت کی۔