شیعہ علماء کونسل کا گستاخانہ خاکوں کیخلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
شیعہ نیوز (راولپنڈی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے فرانسیسی جریدے میں شائع ہونیوالے گستاخانہ خاکوں پر جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رسالت مآب ؐ کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت ہے، مسلم حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدار ہونا ہوگا، فرانسیسی جریدے نے اہانت کرکے اپنی جہالت کا ثبوت دیا ہے، او آئی سی اور اقوام متحدہ بھی اپنا کردار ادا کرے، حالیہ پٹرولیم بحران بھی تشویشناک، حکومت پٹرولیم بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے اور ذمہ داروں کا تعین کرکے سزا دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو راولپنڈی میں علمائے کرام کے مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ ملاقاتوں میں فرانسیسی جریدے میں ہونیوالی گستاخی کا معاملہ زیر بحث آیا۔ اس موقع پر ایس یو سی پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ فرانسیسی جریدے کی اس گستاخی سے صرف مسلمانوں کی ہی نہیں بلکہ ہر اس شخص کی دل آزاری ہوئی ہے جو انسانیت سے محبت کرتا ہے، کیونکہ حضور اکرم ؐ کا اسوۂ حسنہ تمام انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے اور اسلام نے احترام انسانیت و امن و آشتی کا درس دیا ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ فرانسیسی جریدے کی اہانت آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ انتہاء پسندی اور جہالت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مسلم حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدار ہونا ہوگا اور او آئی سی کو بھی جاگنا ہوگا کہ جس مقصد کیلئے اس کا احیاء کیا گیا تھا وہ اس پر عملدرآمد کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے، جبکہ یو این او سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انبیائے کرام کے تقدس کیلئے قانون سازی کرے۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب سے مذکورہ معاملے پر متفقہ قرارداد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو عالمی فورمز پر بھی اٹھائے۔ دریں اثناء انہوں نے حالیہ پٹرولیم بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے ریلیف کیلئے اقدام اٹھائے اور اس بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرکے سزا دے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی عوام دہشت گردی، بجلی بحران اور مہنگائی سے تنگ ہے، اس لئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔