خدا کے نزدیک مقام و منزلت پانا چاہتی ہیں تو تقویٰ کا راستہ اپنانا ہوگا، سیدہ سدرہ نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات پاکستان کی مرکزی سرپرست سیدہ سدرہ نقوی نے 25 جنوری 2015ء بروز اتوار کو بھکر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے جامعہ فاطمۃ الزھراء کوھاوڑ کلاں میں طالبات سے خطاب کیا۔ مرکزی سرپرست جے ایس او طالبات پاکستان کا جامعہ فاطمۃالزھرا ؑ میں بھرپور خیر مقدم کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ بعدازاں ترانہء امام زمانہ ؑ پڑھا گیا۔ محترمہ سیدہ سدرہ نقوی نے طالبات سے خطاب میں انہیں جے ایس او طالبات پاکستان کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ سیدہ سدرہ نقوی کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کی آیہ مبارکہ "ان اکرمکم عنداللہ اتقاکم” تقاضا کرتی ہے کہ اگر آپ خدا کے نزدیک مقام و منزلت پانا چاہتی ہیں تو آپ کو تقویٰ کا راستہ اپنانا ہوگا، تقویٰ کا راستہ اہل بیت ؑ کا بتایا ہوا راستہ ہے، اس وقت پاکستان میں علامہ ساجد علی نقوی اسی راستہ سے متسمک ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملت تشیع بھی اسی راستے سے متمسک ہوجائے۔
مرکزی سرپرست جے ایس او پاکستان طالبات کا مزید کہنا تھا کہ وہ خاص طور پر اسی مقصد کے لئے بھکر آئی ہیں کہ وہ قوم کی بیٹیوں کو ایک فورم پر جمع کریں۔ ان کے علمی و انقلابی خطاب پر حاضرین نے جوش و ولولہ کا اظھار کیا اور جے ایس او پاکستان (طالبات) کے حق میں پرجوش نعرے لگائے۔ بعد ازاں مرکزی سرپرست سیدہ سدرہ نقوی نے اس دورہ میں مختلف علاقوں سے آئی ہوئی خواہران سے الگ نشست رکھی، انکی رضامندی سے انکے علاقوں میں یونٹ سازی کی اور انہیں یونٹ صدور کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ محترمہ سدرہ نقوی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اس دورہء بھکر سے بہت خوش ہیں اور جے ایس او طالبات (بھکر ڈویژن) کے لئے نیک خواہشات رکھتی ہیں۔