دہشت گردی سے نجات کے بغیر ترقی ممکن نہیں، علامہ قاضی نیاز نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں دہشت گردی، فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے فوج کے بھر پور کردار کے عزم کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔جامعہ المنتظر لاہور ایک بیان میں علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ دہشت گردی سے نجات کے بغیر ترقی ممکن نہیں، پوری قوم فوج کی طرف سے ضرب عضب آپریشن کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کسی بھی مذہبی گروہ سے ہوں قابل معافی نہیں ہیں، پاکستان کو نام نہاد جہاد کا تختہ مشق بنانے والوں کا بھی محاسبہ کیا جانا چاہیے۔ جس کی وجہ سے ملکی سلامتی خطرے میں پڑ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے مساجد امام بارگاہوں اور صوفیا کی درگاہوں پر حملے کر کے پاکستانیوں کے دل مجروح کئے ہیں۔ سانحہ شکار پور فوج اور پولیس کے لئے ٹیسٹ کیس ہے، اب تک اس کے ملزمان کو سامنے نہ لانا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔