یوم یکجہتی کشمیر: پشاور یونیورسٹی میں آئی ایس او کی مشعل برادر ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان پشاور ڈویژن کے زیرِ اہتمام کشمیریوں سے ہمدردی اور اظہارِ یکجہتی کے لئے مشعل بردار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو پشاور یونیورسٹی زیرو پوائنٹ نیو ہاسٹل سے شروع ہوکر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پشاور یونیورسٹی ہاسٹل 2 پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں سینکڑوں طلباء نے شرکت کی جنہوں نے مردہ باد ہندوستان کے نعرے لگائے۔ ریلی کے اختتام پر ہندوستان کا جھنڈا اور بھارتی وزیرِاعظم کا پُتلا جلایا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل جنرل سیکرٹری مبشر جعفری نے کہا کہ ہندوستان نے نصف صدی سے امریکہ کی پُشت پناہی میں کشمیر پر ظالِمانہ قبضہ کر رکھا ہے، مظلوم لوگوں سے اُن کی آزادی کا حق چھیننے پر تُلا ہوا ہے اور نہتے مسلمانوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے لیکن اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی دعویدار تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آج ایک بار پھر ہم کشمیریوں کے حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو کئی ادوار سے اپنی آزادی کی جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں اور پرُعزم ہیں کہ ضرور ایک دن کشمیر، پاکستان کا حصہ بن کر دُنیا کے نقشے پر اُبھرے گا۔