ایران برابری کی بنیاد پر عالمی طاقتوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے، سعید زینتی
شیعہ نیوز (پشاور) پشاور میں تعینات ایرانی قونصلر جنرل سعید زینتی نے کہا ہے کہ 36 سال قبل آج ہی کے دن قوم و قیادت کی قربانی اور ایثار کی بدولت فتح نصیب ہوئی۔ انقلاب اسلامی ایران کی چند امتیازی خوبیوں میں سے ایک امام خمینی (رہ) کی بابصیرت قیادت بھی تھی، یہ تحریک قرآن و شریعت محمد کا پیغام لیکر مسجدوں سے اٹھی اور پورے ایران میں پھیل گئی، اس انقلاب کا اولین مقصد ایران میں اسلامی حکومت کا قیام اور اسلامی اقدار کو رائج کرنا تھا۔ مظلومین اور مستضعفین جہان کا تحفظ بھی انقلاب کا اہم جزو قرار پایا۔ دنیا نے دیکھا کہ ایران نے اس انقلاب کی بھاری قیمت چکائی اور طرح طرح کی پابندیاں ایران پر عائد کی گئیں۔ مسلم ممالک میں ایران کی بڑھتی ہوئی ساکھ اور خطہ میں ایرانی نقطہ نظر کی اہمیت کی بڑھ وجہ اس کی روز افزوں ترقی ہے۔ ایرانی قونصلر جنرل نے کہا کہ ایٹمی معاملہ میں ہونے والے مذاکرات کا اہم عنصر بنیادی اصولوں کی پاسداری اور باہمی اعتماد ہے۔ برابری اور باہمی احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فائیو پلس ون ممالک کے ساتھ بات چیت کی جارہی ہے۔ یہ مذاکرات ایران کے ساتھ جامعہ سمجھوتہ کے لئے مغرب کو اچھا موقع فراہم کر رہے ہیں۔ پاک ایران تعلقات خطہ کے امن اور ترقی کا راستہ ہیں، اچھے سیاسی تعلق کے باجود تجارتی حجم انتہائی کم ہے۔