شکارپور سانحہ کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر جیکب آباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، مجلس وحدت مسلمین کا احتجاج
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شکارپور سانحہ کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر جیکب آباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال شیعہ تنظیموں کا احتجاج ڈی سی چوک پر دھرنا نعرہ بازی۔ تفصیلات کے مطابق شکار پور سانحہ کے ملزمان کی عدم گرفتاری اور سندھ حکومت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی کال پر ضلع جیکب آباد میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی تحصیل ٹھل، گڑھی خیرو اور جیکب آباد کے تمام کاروباری مراکز بند رہے جبکہ شیعہ تنظیموں کی جانب سے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ شہید اللہ بخش پارک سے حسن رضا غدیر، ندیم ڈومکی، شاہد جوادی کی قیادت میں نکالا گیا جس میں کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نعرے بازی کرتے ہوئے ڈی سی چوک پہنچے جہاں دھرنا دے کر بیٹھ گئے جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگئی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کو روکنے میں بری طرح ناکام گئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کو استعفیٰ دے دینا چاہیئے، انہوں نے پورے ملک میں آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات پورے ہونے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔