شہداء کمیٹی کے سندھ حکومت سے مذاکرت کامیاب، 37 گھنٹے بعد دھرنا ختم کر دیا
شیعہ نیوز (کراچی) وزیراعلٰی ہاؤس کراچی میں سندھ حکومت اور شہداء کمیٹی کے وفد کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور نتیجہ خیز رہا، شہداء کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ 22 مطالبات میں سے بیشتر تسلیم کر لئے گئے۔ کامیاب مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ حکومت سانحہ شکارپور کے متاثرین کے ساتھ ہے۔ ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ سانحہ شکار پور کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے گا اور تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی۔ شہدا کمیٹی کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی کا کہنا تھا کہ ان کی تحریک حکومت نہیں دہشتگردی کے خلاف ہے۔ تکفیری سوچ انسانیت کیلئے خطرہ ہے۔ علامہ مقصود ڈومکی کے اعلان کے بعد سانحہ شکار پور کے متاثرین نے 37 گھنٹے بعد دھرنا ختم کر دیا۔ شہداء کے لواحقین نے شکار پور سے کراچی تک طویل لانگ مارچ کیا تھا۔ وزیراعلٰی ہاؤس کے باہر احتجاج کی اجازت نہ ملنے پر لانگ مارچ کے شرکاء نے نمائش چورنگی پر دھرنا دیا، جس میں دیگر شیعہ تنظیموں نے بھی شرکت کی تھی۔
دیگر ذرائع کے مطابق حکومت سندھ سے مذاکرات کامیاب ہوگئے، سانحہ شکار پور کی شہداء کمیٹی اور مجلس وحدت مسلمین نے کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل کا کہنا ہے کہ شہداء کمیٹی سے 22 مطالبات پر مذاکرات ہوئے، شکارپور میں ایپکس کمیٹی کی نگرانی میں پولیس اور رینجرز کے آپریشن اور سرکاری املاک پر مذہبی جماعتوں کے قبضے ختم کرانے کے مطالبات بھی مان لئے ہیں۔ علامہ مقصود علی ڈومکی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، حکومت سے کل ہمارے تفصیلی مذاکرات ہوں گے، مذاکرات کامیاب بنانے میں وزیراعلٰی نے کوششیں کیں، ہمیں پوری امید ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی، ہماری تحریک دہشتگردی، مذہبی تفریق کے خلاف ہے، ہم سندھ کی جمہوری حکومت کے خلاف تحریک نہیں چلا رہے۔ علامہ مقصود ڈومکی کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہداء کمیٹی میں 14 افراد ہیں، جن میں لواحقین بھی شامل ہیں، جبکہ شکار پور میں بھی ایک کمیٹی بنائی جائیگی جو کارروائیوں کا جائزہ لے گی، کمیٹی دیکھے کہ دہشتگرد کس تنظیم یا مدرسے سے ہے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ میری گزارش تھی کہ معاملات حل ہوجائیں، بات چیت سے مسائل کا حل نکلتا ہے، حکومت کی ذمے داری ہے مطالبے پورے کئے جائیں، وزیراعلٰی نے سانحہ شکار پور کے شہداء کے لواحقین کیلئے 20، 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔