اسلام کے نام پر خون بہانے والے ملک و ملت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، مولانا کوکب نورانی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پیر محل، فیصل آباد میں میلاد کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے مولانا کوکب نورانی نے کہا کہ محبت رسولﷺ دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے، بزرگان دین نے ہر دور کے ظالم و جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کیا اور دین کو ہمیشہ سربلند رکھا۔ انہوں نے کہا کہ محبت رسولﷺ کا تقاضا ہے کہ تعلیمات مصطفیﷺ پر عمل کیا جائے، حدود شریعت میں رہ کر محبت کا اظہار ثواب اور نجات کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ نے محبت کا درس دیا، دنیا میں عروج اور آخرت میں بلندی درجات کے لیے عشق رسولﷺ کو فروغ دینا ہو گا، والدین نت نئے فتنوں سے بچنے کے لیے اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا نام لے کر لوگوں کا خون بہانے والے ملک و ملت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، حکومت دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرے، وطن عزیز کے تحفظ اور نفاذ نظام مصطفیﷺ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔