دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، علامہ اصغر عسکری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے کہا ہے کہ لاکھوں شہداء کی میراث پاکستان کے مسائل کو حکمران سنجیدگی کے ساتھ حل نہیں کر رہے۔ شیعہ سنی کا کوئی تنازعہ نہیں، مختلف مسالک پاکستان میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ آپس میں مل بیٹھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف دانشور آغا مرتضیٰ پویا کی رہائش پر منعقدہ انٹلیکچوئل فورم بعنوان ”بیت ابراہیم (ع) اور انسانیت کا مستقبل” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ غور طلب بات یہ ہے کہ اس فورم میں موجود چند لوگ کس قدر موثر ہیں، یہاں بنیادی مسائل بارے صرف منصوبہ سازی ہی کی جا سکتی ہے۔
رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ فوجی آمر ضیاءالحق کے غلط اقدامات کے باعث آج ہم جنازے اٹھانے پر مجبور ہیں، ڈکٹیٹر کو شہید کہنا سراسر زیادتی ہے، اسی شہید کے دیئے ہوئے تحفے ہیں کہ آج ہم لاشیں اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری پاک فوج فرنٹ لائن پر ہے، دہشت گرد سنی شیعہ دونوں کو مار رہے ہیں، پوری قوم بلاتفریق فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہماری حکمران صرف اور صرف اپنے مفادات کی خاطر سرگرم ہیں، لاکھوں شہداء کی قربانیاں دے کر بچائے جانے والے اس ملک کو حکمران سنجیدہ نہیں لے رہے۔ علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی تنازعہ نہیں، مختلف مسالک پاکستان میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ آپس میں مل بیٹھتے ہیں۔