ہمیں اب طالبان اور کالعدم تنظیموں کے خلاف سخت سے سخت اقدامات لینے کی ضرورت ہے، شرجیل میمن
شیعہ نیوز (کراچی) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دہشتگردی اس ملک کے لئے ناسور بن گئی ہے اور ماضی میں اس کے جو بیج بوئے گئے تھے حکومت اس کے خلاف بھرپور ایکشن لے رہی ہے۔ جو سیاسی و مذہبی جماعتیں کبھی ان کو اپنے سسٹم کا حصہ تصور کرکے ان سے بات چیت کرنے کی باتیں کرنے کا کہتی تھی وہ بھی آج انہیں لاتوں کا بھوت تصور کررہی ہیں۔ آج ملک کی عسکری اور تمام سیاسی قوتیں ان دہشتگردوں کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں کہ ان کا اس ملک سے خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے۔ سندھ حکومت صوبے میں ہونے والے سنگین واقعات کا سختی سے نوٹس لے کر تمام دستیاب وسائل اور اسٹریجیٹی کے ساتھ امن کے قیام کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ایپیکس کے اجلاس میں بھی کور کمانڈر سندھ، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سمیت تمام اعلیٰ افسران نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ صوبے میں قیام امن کے ئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور دہشتگردوں کا خاتمہ کرکے ہی دم لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور دہشتگردوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے ایک ہزار پولیس اہلکاروں کو ایس ایس جی کے کمانڈو کے تحت تربیت دی جائے گی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ہمیں اب طالبان اور کالعدم تنظیموں کے خلاف سخت سے سخت اقدامات لینے کی ضرورت ہے اور آج بھی ہماری کوشش ہے کہ اس ملک کو دہشتگردی اور ان کی سوچ کے حامل لوگوں سے پاک کرایا جائے کیونکہ یہ ہماری تعلیم، مذہب، انسان اور معیشت کے ساتھ ساتھ ملک دشمن سوچ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان قوتوں کو پھلنے پھولنے کا موقع دیا گیا اور کچھ سیاسی اور مذہبی طاقتوں کے انہیں اپنے سسٹم کا حصہ قرار دے کر ان سے بات چیت کرنے کا بھی کہا لیکن آج وہی سیاسی و مذہبی قوتیں انہیں خود لاتوں کا بھوت قرار دے چکی ہیں اور آج ملک کی عسکری اور سیاسی قوتیں اس پر متحد ہیں کہ ان کا قلعہ قمع کیا جائے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ آج بھی ہماری فوج اور سول حکومت ایک آواز ہوکر ان کے خلاف لڑ رہی ہیں۔