پاکستانی شیعہ خبریں
کور کمانڈر کراچی کا دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے کا عزم
شیعہ نیوز (کراچی) کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں قیامِ امن اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہر قسم کی قربانی دیں گے اور ناسور دہشت گردی کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔ ناظم آباد میں رینجرز کی موبائل کے قریب بم دھماکے میں شہید ہونے والے 2 اہلکاروں کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کا کہنا تھا کہ دونوں جوانوں نے قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہر میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ دوسری جانب شہید ہونے والے دونوں اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں کور کمانڈر کراچی سمیت ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر اور رینجرز کے دیگر حکام نے شرکت کی۔