لاہور، خانہ فرہنگ میں جشن نوروز کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام
شیعہ نیوز (لاہور) خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران لاہور کے زیراہتمام جشن نوروز کے حوالے سے خانہ فرہنگ میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور ایرانی و پاکستان خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جشن نوروز کی تقریب سے ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران لاہور اکبر برخورداری، مرکز تحقیقات ایران و پاکستان عیسی کریمی، ڈاکٹر مغیث الدین شیخ، ڈاکٹر محمد ناصر، ڈاکٹر اقبال ثاقب، ڈاکٹر فلیحہ کاظمی، ڈاکٹر معین نظامی، ڈاکٹر ظہیر الدین صدیقی، ڈاکٹر محمد شعیب، قاضی اکرام بشیر، تہمینہ رانا اور پروفیسر خالدہ آفتاب نے خطاب کیا اور نوروز کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر شعراء کرام سید علی رضا کاظمی اور طاہر علی ناصر نے اپنا کلام پیش کیا۔ تقریب کے آخر میں کیک کاٹا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ زندگی روحانی، فکری، مذہبی اور اخلاقی قدروں کی مجسم تصویر کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی ثقافت میں شمسی سال کے آغاز کو بہت اہمیت حاصل ہے، یہ دن اس قدر مقبول ہے کہ اس کو ایران سمیت دنیا بھر میں اب تہوار کا درجہ حاصل ہو گیا ہے اور ایرانی قوم شمسی سال کے آغاز کو ثقافتی دن سمجھ کر مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 21 مارچ نوروز اور شمسی سال کا پہلا دن ہے اسی دن کی مناسبت سے آج کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مقررین نے خانہ فرہنگ کی جانب سے تقریب کے انعقاد کو احسن اقدام قرار دیا۔