ایم ڈبلیو ایم کی سنی اتحاد کونسل کے کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت
شیعہ نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی کے زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں بھرپور کردار ادا کرنے کا اعلان کیا گیا، تمام ڈسٹرکٹ سیکرٹر ی سیاسیات سے کنٹونمنٹ ایریاز کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان میں امیدواروں کی درخواستوں پر غور کیا گیا، 4 اپریل کو مرکزی کنونشن کے بعد گلگت بلتستان میں باصلاحیت، محب وطن، بے داغ ماضی اور تعلیم یافتہ امیدواروں میں ٹکٹ تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا، گلگت بلتستان میں مجلس وحدت مسلمین 15 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لے گی، اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے رہنماوں کے خلاف پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائی کی مذمت بھی کی گئی، سنی اتحاد کونسل کے گرفتار کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد مخالف قوتوں کے خلاف کارروائی دراصل آپریشن ضرب عضب کو متاثر کرنے کی سازش ہے، پنجاب حکومت دہشت گردوں کے سرپرستوں کی خوشنودی کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، ان کے صوبائی وزیر نہ صرف کالعدم دہشت گردوں کے ترجمان ہے بلکہ سانحہ ماڈل ٹاوُن کے ماسٹر مائنڈ بھی ہے، ہم اس مشکل وقت میں سنی اتحاد کونسل کے کارکنان اور ان کے قائد صاحبزادہ حامد رضا کے ساتھ ہیں، ملک دشمن عناصر کے سازشوں کو انشااللہ ہم وحدت و اتحاد سے ناکام بنائیں گے۔