امریکا اور سعودی عرب کی خوشنودی کے لئے یمن جنگ کا حصہ بننا پاکستان کے لئے تباہ کن ہوگا، رسول بخش پلیجو
رسول بخش پلیجو کا کہنا تھا کہ وکی لیکس کے مطابق ایم کیو ایم کے پاس 25 ہزار تربیت یافتہ لوگ موجود ہیں، اس رپورٹ کے بعد امریکی کونسل جنرل کی جانب سے امریکی حکومت کو یہ معلومات دی گئیں کہ ایم کیو ایم کے پاس تربیت یافتہ لوگ موجود ہیں مگر اس سے امریکا کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو کنٹینرز کی کراچی میں گمشدگی کی رپورٹ بھی منظر عام پر آئی جس کا الزام بھی ایم کیو ایم پر لگایا گیا اور کراچی بدامنی کیس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سپریم کورٹ میں بھی رپورٹ پیش کی تاہم اس وقت امریکی حکومت نے کنٹینرز گم ہونے کی تردید کی اور اب جبکہ نائن زیرو پر چھاپے کے دوران نیٹو کا اسلحہ برآمد ہوا ہے تو ایک مرتبہ پھر امریکا نے اسکی تردید کی کہ نیٹو کا کوئی اسلحہ چوری نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہونے کے باوجود بھی عالمی قوتوں کے رحم و کرم پر ہے۔ رسول بخش پلیجو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے یمن جنگ کا حصہ نہ بنا جائے کیونکہ یہ فیصلہ ایران کے ساتھ تعلقات کی خرابی کا باعث بنے گا اور ایران پاکستان سرحد بھی غیر محفوظ ہوجائیگی۔