سعودی عرب سے دوستی اپنی جگہ، کسی دوسرے مسلم ملک پر حملہ نہیں کرنا چاہیے، اعجاز ہاشمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے یمن سعودی تنازعے پر پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری ادارے ہی مشاورت کا بہترین فورم ہیں، حکومت پارلیمنٹ سے باہر جماعتوں سے بھی مشاورت کرے۔ کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ یمن تنازعے کو مشاورت سے حل کرانے کے لئے پاکستان کو کردار ادا کرنا چاہیے، حکومت یکطرفہ فیصلہ قوم پر مسلط نہ کرے، تمام جماعتوں میں اتفاق رائے ہونے پر ہی فوج بھجوائی جائے ورنہ ملکی سلامتی کے لئے نقصان دہ ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چھ اپریل کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں اپوزیشن کو بھی موقع دیا جائے، بہتر ہو گا کہ عمران خان بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے بائیکاٹ کے خاتمے کا اعلان کر کے ارکان قومی اسمبلی کو لے کر خود جائیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ حکومت جو بھی فیصلہ کرے، عوامی رائے کو مد نظر رکھا جائے کہ سعودی عرب کا احترام اور اس کی دوستی سے کسی کو انکار نہیں، ہمیں کسی بھی دوسرے اسلامی ملک پر حملہ نہیں کرنا چاہیے۔