کوئٹہ کے قریب سے لشکر جھنگوی کے چار خودکش بمبار سمیت 11 دہشتگرد گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب سکیورٹی اہلکاروں نے چار خودکش حملہ آوروں سمیت گیارہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیا ہے، کوئٹہ میں سکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں کو کوئٹہ کے قریب کچلاک سے گرفتار کیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ کچلاک میں ایک کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکرجھنگوی سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی اہلکاروں نے سرچ آپریشن کیا، حکام کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران علاقے سے 11 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جو مبینہ طور پر کوئٹہ میں تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے، سکیورٹی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں چار خود کش حملہ آور بھی شامل ہیں جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، گرفتار کئے جانے والے دہشت گردوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں تاہم حکام نے دہشت گرد تنظیم کا نام ذرائع ابلاغ میں ظاہر نہیں کیا، کچلاک کوئٹہ شہر سے شمال میں 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اس علاقے کی آبادی مختلف پشتون قبائل پر مشتمل ہے، اس علاقے سے پہلے بھی سکیورٹی فورسز نے تلاشی کی کارروائیوں میں متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے، واضح رہے کہ دو روز قبل سکیورٹی فورسز نے ضلع لورالائی اور ضلع زیارت کے علاقے سنجاوی میں سرچ آپریشن کیا تھا، اس سرچ آپریشن میں حکام نے کالعدم دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، بلوچستان میں کالعدم لشکر جھنگوی کئی بار دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کرچکی ہے، قبل ازیں پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں فرنٹیئر کور نے ایک سرچ آپریشن میں چھ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، یہ سرچ آپریشن ضلع لورالائی اور ضلع زیارت کے علاقے سنجاوی میں کئے گئے، کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ان علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی، اس اطلاع پر ایف سی نے ان کے خلاف سرچ آپریشن کیا جس میں ایف سی کے 450 اہلکاروں نے حصہ لیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے ایف سی کے اہلکاروں پر حملہ کیا جس میں ایف سی کا ایک اہلکار زخمی ہوا، ایف سی کی جوابی کاروائی سے دو خود کش بمباروں سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور آپریشن کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، بیان کے مطابق دہشت گردوں نے بڑی تعداد میں خودکش جیکٹس اورآئی ای ڈیز تیارکر رکھی تھیں جن کو قبضے میں لیا گیا ہے۔