یمن کے حوثی قبائل سے مکہ اور مدینہ کو کوئی خطرہ نہیں، منہاج القرآن علماء کونسل
شیعہ نیوز (لاہور) مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ کی زیر صدارت مشرق وسطیٰ، یمن کی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ یمن میں افواج پاکستان کو نہ بھجوایا جائے اور پاکستان فریق کی بجائے ثالث بنے، یمن کی جیلوں میں پھنسے ہوئے قیدیوں کو وطن واپس لایا جائے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا آپریشن ضرب عضب کو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھا جائے۔ علامہ امداد اللہ قادری، علامہ محمد حسین آزاد، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی، علامہ لطیف مدنی، علامہ ممتاز صدیقی اور منہاج القرآن علماء کونسل کے دیگر مرکزی صوبائی اور ضلعی قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام پر انتہائی مشکل وقت ہے، مسلم ممالک کو ایک سازش کے تحت دست و گریباں کیا جا رہا ہے، عراق، افغانستان، مصر، شام، لیبیا اور فلسطین میں خون مسلم بہانے کے بعد اب یمن کو نیا میدان جنگ بنایا جا رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مسلم حکمرانوں، او آئی سی، اقوام متحدہ اور پاک فوج کے سپہ سالار سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ یمن بحران پر فریق بننے کی بجائے مصالحتی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش سے کام لیں، حوثی قبائل سے مکہ اور مدینہ کو کوئی خطرہ نہیں، اگر خدانخواستہ کوئی خطرہ ہوا تو قوم اور پاک فوج خانہ کعبہ اور روضہ رسولؐ کی حرمت کے دفاع کیلئے سب سے آگے ہونگے۔ اجلاس میں منہاج القرآن علماء کونسل نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر 7 نکاتی قرارداد بھی منظور کی۔