این اے 246 ضمنی انتخابات، مجلس وحدت مسلمین نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کر دیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہر قائد کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین، تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل کی حمایت کا اعلان کرتی ہے، سنی اتحاد کونسل کے رہنماء طارق محبوب کے افسوسناک قتل کی شفاف تحقیقات رینجرز، پولیس، صوبائی و وفاقی حکومتوں پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی سے کرائی جائے، فرقہ واریت اور دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلئے دونوں جماعتوں کی مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی، کراچی امن بحالی کیلئے اقتدار کے ایوانوں میں حقیقی قیادت کا آنا بہت ضروری ہے، جو شفاف اتخابات کے بغیر ممکن نہیں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل کے ہمراہ وحدت ہاؤس سولجر بازار میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ علی انور، علامہ احسان دانش، علامہ مبشر حسن، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عارف علوی، علی زیدی، فردوس شمیم نقوی و دیگر بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی حسین نقوی نے کہا کہ کراچی میں این اے 246 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے حمایت کیلئے رابطہ کیا، تاہم تنظیمی اور عوامی رائے عامہ کے مطابق ایم ڈبلیو ایم نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا ہے، این اے 246 ضمنی نتخابات کے حوالے سے تحریک انصاف کی اتخابی مہم میں بھی بھرپور حصہ لیں گے۔
علی حسین نقوی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے تحریک انصاف کی حمایت کا فیصلہ حلقہ این اے 246 اور کراچی کے وسیع تر مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے، لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ گذشتہ کئی دھائیوں سے شہر میں جاری بدامنی کے خاتمے اور خوف کے بت کو توڑنے کیلئے ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار عمران اسماعیل کو ووٹ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ کئی دھائیوں سے جاری دہشتگردی کے باعث پاکستان کے معاشی حب کراچی کا امن و سکون تباہ و برباد ہوگیا، کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے اقتدار کے ایوانوں میں حقیقی قیادت کا آنا بہت ضروری ہے، جو کہ شفاف اتخابات کے بغیر ممکن نہیں، بدقسمتی سے ملک میں شفاف انتخابات کے نہ ہونے سے بدامنی میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ایک سیاسی حقیقت ہے، گذشتہ کئی عرصہ سے کراچی میں جید علماء کرام، اکابرین، ڈاکٹر، انجینئرز، کاروباری افراد سمیت فعال رہنماﺅں کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید کیا گیا، جو کہ ایم ڈبلیو ایم سیاسی فعالیت کے باعث مخالفین کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، کراچی سمیت ملک بھر سے فرقہ واریت اور دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلئے ایم ڈبلیو ایم اور تحریک انصاف کی مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنماء طارق محبوب کی جیل میں شہادت اور کراچی سمیت سندھ بھر میں کالعدم دہشتگرد جماعتوں کی فعالیت کراچی آپریشن کی کامیابی پر سوالیہ نشان بن چکی ہے، لہذا ایم ڈبلیو ایم کا پرزور مطالبہ ہے کہ طارق محبوب کی جیل میں شہادت کی شفاف تحقیقات کیلئے رینجرز، پولیس، صوبائی و وفاقی حکومتوں پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے اور کالعدم دہشتگرد جماعتوں کے دفاتر کو بند کرکے انکے جلسے جلوسوں اور رہنماﺅں پر پابندی عائد کی جائے، جبکہ فرقہ وارانہ اور مذہبی منافرت پر مبنی وال چاکنگ مٹائی جائے اور کالعدم جماعتوں کے جھنڈے، بینرز اُتارے جائیں۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کیجانب سے تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل کی بھرپور حمایت اور تعاون پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں عارف علوی، علی زیدی، فردوس شمیم نقوی نے ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی اور مقامی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔