پاک چین اقتصادی راہداری روٹ کی تبدیلی چھوٹے صوبوں سے ناانصافی ہے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا ہمسایہ اور مخلص دوست ہے۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ہم چینی صدر کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چین کے صدر کا دورہ پاکستان علاقائی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ چینی صدر کا دورہ پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہیں،کیونکہ پاک چین اکنامک کاریڈور کا منصوبہ چین کے پسماندہ صوبوں کے ساتھ پاکستان کے پسماندہ صوبوں کی پسماندگی دور ہونے کی امید تھی، لیکن وفاقی حکومت بدنیتی کی بنیاد پر پاک چائنا اقتصادی روٹ کو تبدیل کر رہی ہے جو ایک ناروا عمل ہے۔ پاکستان اور چین کے 45 ارب ڈالر کے معاہدوں میں چھوٹے صوبوں، فاٹا اور گلگت بلتستان کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ یہ معاہدے پاکستان اور چین کے درمیان نہیں بلکہ لاہور اور چین کے درمیان ہوئے ہیں۔ مرکز اور پنجاب نے فیصلہ کر لیا ہے کہ گوادر کاشغر روٹ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بجائے پنجاب سے گزرے گا۔
وفاقی حکومت نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہمیشہ زیادتیاں کی ہیں۔ اس طرح کے غلط اقدامات سے مسائل پیدا ہونگے۔ معاہدہ کرنے سے پہلے پاکستان کے جغرافیائی مفادات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ اس لئے کسی بھی منصوبہ بندی میں بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو اعتماد میں لیا جائے۔ بلوچستان کے عوام کی نظریں اس طرف مرکوز ہیں کہ چین کی طرف سے پاکستان کے ساتھ معاہدات اور دوسرے تعاون میں بلوچستان کا حصہ کتنا ہوگا۔ کیونکہ پرامن، مستحکم اور خوشحال جنوبی ایشیاء سب کے مفاد میں ہے۔ درایں اثناء مجلس وحدت مسلمین کے کوئٹہ کینٹ سے وارڈ نمبر 4 کے نامزد امیدوار منظور علی نظری نے ہزارہ ہاوسنگ سوسائٹی، گلستان ٹاون، بینک کالونی، طوغی ہاوسنگ اسکیم اور ڈیری فارم کالونی کوئٹہ کینٹ میں مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ منتخب ہوکر ان کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے۔