ظالموں کو شکست ہوگی، امریکہ اورسعودیہ حوثیوں کو نہیں جھکا سکیں گے، علامہ ناصر عباس جعفری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیر اہتمام خاتون جنت دختر خاتم الانبیاء حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا اور حضرت علی (ع) کے یوم ولادت کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی، ایوان اقبال میں منعقدہ تقریب میں سینکڑوں خواتین شریک تھیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حوثی حضرت فاطمہ کی اولاد ہیں، یمن کے باسی پچاس لاکھ حوثیوں کے بارے میں پاکستان میں غلط پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے اور پاکستانی عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، حوثیوں نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا، نہ ہی وہ حرمین کو نقصان پہنچانے کا سوچ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثی اپنے ملک میں ظلم کے نظام سے نبرد آزما ہیں، لیکن ظالم اکٹھے ہو کر ان پر حملہ آور ہوگئے ہیں، حوثیوں کے گھروں، مسجدوں اور بازاروں پر حملے کئے جا رہے ہیں، ان کی عورتوں اور بچوں کو مارا جا رہا ہے لیکن حریت پسندوں کو اس طرح جھکایا نہیں جاسکتا، پاکستانی عوام کو سلام ہے کہ جو جھوٹے پروپیگنڈے میں نہیں آئے اور انہوں نے ظالموں کا ساتھ نہیں دیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ظالموں کو شکست ہوگی، امریکہ اور اس کے حواری حوثیوں کو نہیں جھکا سکیں گے، ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ حضرت فاطمہ کی تعلیمات کو اگر خواتین اپنی زندگی کا حصہ بنالیں اور ان کی طرح زندگی گزاریں تو گھر جنت میں تبدیل ہوسکتے ہیں۔