حکومت پنجاب کے اب بھی تکفیری دہشت گردوں سے مراسم ہیں، ڈاکٹر رحیق عباسی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی مجلس شوریٰ کا اجلاس آج (اتوار) مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا، جس میں ملک بھر سے مرکزی، صوبائی، ضلعی اور تحصیل سطح کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ مہمان خصوصی مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی تھے۔ اجلاس میں تنظیم کے امور کے علاوہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی غور و غوص کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق عباسی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے اب بھی دہشت گردوں کے ساتھ تعلقات ہیں اور پنجاب کے حکمران قوم اور فوج کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آج تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے کسی فوجی کے جنازے میں شریک نہیں ہوئے جبکہ پھانسیاں چڑھنے والے دہشت گردوں کے جنازوں میں مسلم لیگ نون کے نمائندے شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے بارے میں ملک کا وزیر داخلہ کہتا ہے کہ مجھے ان ہلاکتوں پر دکھ ہے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ پنجاب حکومت میں کچھ لوگ ایسے ہیں جو دہشت گردوں کے سرپرست ہیں اور انہیں عہدہ نہ ہونے کے باوجود خصوصی پروٹوکول دیا جاتا ہے۔