امن کے داعی ہیں، ہم چاہتے تو ملک میں خون خرابا کروا سکتے تھے، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی نے کہا ہے کہ حکومت امن و امان کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی، لا اینڈ آرڈر کی ناگفتہ بہ صورتحال میں بیرونی سرمایہ کاری منجمد ہوکر رہ گئی ہے، قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے دہشتتگردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، دہشتتگردوں کا تعلق خواہ کسی بھی مسلک سے ہو بلاتفریق انکے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، دہشتگردوں کے خلاف سزاؤں کو مصلحت کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئے، سیاسی جماعتوں کے مسلح ونگز کا خاتمہ ملکی مفاد میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹیکسلا میں آل عمران ہاوس میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، اس موقع پر جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل تحصیل ٹیکسلا سید محسن نقوی، سید مشتاق حسین نقوی بھی موجود تھے۔ علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ جن بھی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی صفوں میں دہشتگرد گھسے ہوئے ہیں، حکومت کو ان پر آہنی ہاتھ ڈالنا چاہئے اور ان جماعتوں کو بھی چاہئے کہ وہ حکومت سے مکمل تعاون کریں، چونکہ ایسی صورت میں وہ جماعتیں خود بدنام ہوتی ہیں، جن کے کارکنان ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث ہوں، ان کا کہنا تھا کہ درپردہ ایسی قوتیں موجود ہیں جنہوں نے حکومت کے ہاتھ باندھ رکھے ہیں۔
علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کا واویلا کرنے والے دراصل خود اسکے ذمہ دار ہیں، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک و قوم کے مفاد اور امن کے قیام کی خاطر فوجی عدالتوں اور 21 ویں آئینی ترمیم کی حمایت کی تھی، مگر نیشنل ایکشن پلان پر اس طرح عملدرآمد نہ ہوا جس طرح ہونا چاہئے تھا، ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں حقیقی امن کے قیام کے لئے آپریشن ضرب عضب کو پورے پاکستان میں پھیلایا جائے اور بلاتفریق دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی جائے، کراچی کے سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسماعیلی برادری بالخصوص خواتین کو انتہائی بے دردی سے نشانہ بنایا گیا، جس کی ہم پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اس قسم کا گھناؤنا فعل کوئی مسلمان نہیں کرسکتا اور نہ ہی اسلام اس کی اجازت دیتا ہے۔ پاکستان میں فرقہ واریت کی دوٹوک الفاظ میں نفی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی فرقہ واریت نہیں، چند شرپسند عناصر پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ حکومت نے دہشت گردوں کے لشکروں کے سربراہان کو مہمان بنا کر بٹھا رکھا ہے جبکہ عام افراد کو پھانسیاں دی جا رہی ہیں، حکومت کو چاہئے کہ اگر وہ حقیقی معنوں میں ملک میں امن کے خواہاں ہیں تو دہشت گردوں کے سرغنوں کو فی الفور پھانسیوں پر لٹکایا جائے۔ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کی خاطر ہم نے شہداء کی لاشوں پر کھڑے ہو کر بھی ملک میں امن کی بات کی ہے، وگرنہ ہم چاہتے تو ملک میں خون خرابا کروا سکتے تھے۔