حکومت را کو بھی نکیل ڈالے اور داعش کو بھی نظر انداز نہ کرے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فیصل آباد میں کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کا سہارا ہیں، حکمرانوں نے پاکستان کو جنازوں اور لاشوں کا ملک بنا دیا ہے۔ موجودہ اسمبلیاں عوام کے مینڈیٹ کی ترجمانی نہیں کرتی۔ پاکستان دشمن قوتوں سے نمٹنے کیلئے قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔ عوام کرپٹ حکمرانوں سے تنگ ہے۔ مسلمانوں کی قوت کم کرنے کیلئے فرقہ واریت کی آگ پھیلائی جا رہی ہے۔ فرقہ واریت نے شام، عراق، لبنان اور بحرین میں تباہ کن صورتحال پیدا کر دی ہے۔ عالم گیر غلبہ اسلام کیلئے اتحاد امت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا تقدس اور تحفظ شریعت اسلامی میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ کراچی آپریشن میں نئی روح پھونکنے کی ضرورت ہے۔ حکومت عالمی سطح پر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرے۔ پاکستان کا ازلی دشمن اپنے خفیہ لاؤ لشکر کے ساتھ سرگرم ہوچکا ہے۔ مشکل اور بڑے فیصلوں کا وقت بھی آگیا ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ مودی کے اعصاب پر سوار ہے۔ افغان حکومت فضل اللہ کے خلاف کارروائی کرے اور افغانستان سے را کے تربیتی کیمپ ختم کئے جائیں۔ حکمرانوں نے قوم کے منہ کا نوالہ اور گھر کا اجالا بھی چھین لیا ہے۔ حکومت را کو بھی نکیل ڈالے اور داعش کو بھی نظر انداز نہ کرے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا دہشت گردوں کو چوراہوں میں پھانسیاں دیئے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا۔ واپڈا اور اساتذہ کے دھرنوں نے حکومت کی گڈ گورننس کا پول کھول دیا ہے۔ حکومتی غیر سنجیدگی سے دہشتگردوں کو مدد مل رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف صرف پاک فوج جنگ لڑ رہی ہے جبکہ سول حکومت زبانی جمع خرچ میں مصروف ہے۔ حکومت اسماعیلی برادری کا تحفظ یقینی بنائے۔ انتہا پسند اور شدت پسند عناصر سے تعاون حرام ہے۔ بھارت پاکستان دشمنی میں اندھا ہوچکا ہے۔ سیاست زدہ پولیس اور غیر فعال نیکٹا دہشت گردی کے خاتمے میں رکاوٹ ہے۔