برمی مسلمانوں پرہونیوالی ظلم بربریت پرعالمی اداروں و اسلامی ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے ، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ برمی مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی انتہاء کردی گئی، روہنگیا کے مظلوم مرد و خواتین اور کمسن بچوں کے قتل عام پر عالمی برادری و انسانی حقوق کے علمبرداروں کی زبانیں کیوں گنگ ہوگئی ہیں ،حقوق بشریت کے دعویدار اس ظلم و بربریت پر کیوں خاموش تماشائی کا کردار بنے ہوئے ہیں؟ روہنگیائی مظلوم فوری انصاف و مدد کیلئے بین الاقوامی برادری کے منتظر ہیں،عالمی اداروں کے بعد اسلامی ممالک کی خاموشی بھی انتہائی افسوسناک وحیران کن ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے برما (میانمار) میں ہونے والے اندوہناک مسلم کش واقعات اورمسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم پر اپنے رد عمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی دکھ و کرب کی بات ہے کہ مسلمانوں کی ہزاروں بستیاں اور جھونپڑیاں نذر آتش کردی گئیں،آخری اطلاعات تک بیس ہزار سے زائد افراد اپنی قیمتی جانیں گنوا چکے، ما ل ملیشین نامی تنظیم نے 70 سے زائد مسلمان بستیو ں کو صفہ ہستی سے مٹا دیا، ہزاروں خواتین کو بے آبرو کیا گیا ، لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے اور ہزاروں تا حال لاپتہ ہیں، 22 مساجد شہید کردی گئیں لیکن اس سارے بھیانک کھیل پر عالمی برادری کہاں ہے؟ او آئی سی کہاں ہے ؟ ان عالمی اداروں کی زبان پر مسلمانوں کیخلاف ناحق اٹھنے والی جاری تحریکوں پر منوں وزنی تالے کیوں پڑ جاتے ہیں؟ کیا یہ عالمی انصاف کا دہرا معیار نہیں ؟۔ اس سارے قضیہ پر مسلم ممالک کے حکمران و عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، برما میں مسلمانوں کیساتھ اندوہناک مظالم کی بھیانک تصویری رخ ابھی تک مسلم دنیا پر صحیح طور پر عیاں نہیں ہوسکا۔ برما میں انسانی حقوق کی تنظیموں اور صحافیوں کے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔برما کے مسلمان انصاف کے منتظر ہیں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں، او آئی سی اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ برما کے مظلوم مسلمانوں کے ناحق قتل عام کو روکنے، بچوں ، عورتوں اور مردوں پر مزید ظلم ہونے سے بچانے کیلئے ہنگامی طور پر اقداما ت کریں اور روہنگیائی مظلوموں کو ظالم بدھوئوں اور ما ل ملیشین نامی انتہا پسند تنظیم سمیت برما کی فوج اور پولیس جو اس جنگ میں شدت پسندوں ، قاتلوں ، جلادوں اور انسانیت کے دشمن کے ساتھ مل گئی ہے سے بچانے کیلئے فی الفور UNO کی فوج کو برما بھیجے اور ان کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔