Uncategorized

کسان کی خوشحالی کے بغیر ملکی خوشحالی کا تصور بھی ممکن نہیں، سبطین سبزواری

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل نے کسانوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کاشتکار تنظیموں سے اظہار یکجہتی کا اعلان کر دیا ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر صوبائی صدر علامہ سبطین سبزواری نے چیئرمین کسان سیل قیصر عباس ددوانہ کو کسان تنظیموں سے اظہار یکجہتی کے لئے کہا ہے۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ملکی کاشت کار شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کے ساتھ وعدے کرکے حکومت مکر جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وزیراعظم نواز شریف کے اعلان کردہ چاول کے کاشت کاروں کو سبسڈی نہیں دلوا سکی، مسلم لیگ نون کی ناقص زرعی پالیسیوں کے باعث زرعی ملک پاکستان میں کاشت کار کے لئے زراعت کو جاری رکھنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے قوم سے خطاب کے دوران چاول کے کاشت کاروں کو پانچ ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا، جس پر وزارت خزانہ تاحال عمل نہیں کروا سکی۔ کسان اتحاد کا احتجاج ان کا حق ہے، شیعہ علماء کونسل اس کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو احتجاج میں عملی طور پر بھی حصہ لیں گے۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ حکومت سولر انرجی پر ٹیوب ویلز چلانے کی سکیمیں چلانے کی باتیں کر رہی ہے، جس کسان کے پاس زرعی محاصل کے لئے اخراجات نہیں، کھاد کی قیمتیں انہیں پوری ملتی ہیں اور نہ شوگر ملز مالکان بقایا جات ادا کرتے ہیں تو وہ کس طرح سے سولر ٹیوب ویلز کے لئے قرضے حاصل کرسکیں گے۔ شیعہ علماء کونسل کے رہنما نے حکومت سے کسانوں کے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاشت کار کی خوشحالی کے بغیر ملکی خوشحالی کا تصور بھی ممکن نہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button