سانحہ ماڈل کی یاد میں احتجاجی اجتماع، طاہرالقادری، علامہ ناصر عباس سمیت دیگر کا خطاب
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہدائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی پہلی برسی اور احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 24 گھنٹے کام کرنے اور جاگنے کا پروپیگنڈا کرنے والا وزیراعلٰی 16 جون کی رات کو گہری نیند کیوں سو گیا؟ حکمران اپنی حرام کی دولت سے شہداء کا خون خریدنے گئے اور ان کے بچوں کے جوتے بھی نہ خرید سکے۔ جن کے ضمیر مردہ ہوں، وہ تخت بچانے کیلئے ڈیلیں کرتے ہیں۔ ہمارے طرف سے ڈیل کرنے، قبول کرنے اور تہمتیں لگانے والوں پر خدا کی لعنت ہو۔ ہمارے کارکن عشق مصطفٰی اور ایمان کی دولت سے مالا مال ہیں۔ اگر حکمرانوں کا دامن صاف ہے اور وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت گری کی منصوبہ بندی میں ملوث نہیں تو غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تشکیل سے خوفزدہ کیوں ہیں اور جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کیوں نہیں کرتے؟ سالانہ احتجاجی اجتماع میں تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری اور فیڈرل علماء کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ احتجاجی جلسہ سے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ امین شہیدی، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا، میاں منظور وٹو، چودھری سرور، ڈاکٹر رحیق عباسی اور لیاقت بلوچ نے خطاب کیا۔