عزاداری کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں، جس کو جان پیاری ہے ہمارا ساتھ چھوڑ دے، علامہ سبطین سبزواری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین سبزواری نے دہشت گردی کے خاتمے کے متفقہ قومی ایکشن پلان کو تمام جزئیات کے ساتھ نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ظالمانہ فورتھ شیڈول کو ختم کیا جائے، دہشت گردی کے خلاف عزاداری کے تحفظ کی جنگ میں کسی سے خوفزدہ نہیں، جو موت سے ڈرتا ہے، بے شک ہمارا ساتھ چھوڑ جائے۔ صوبائی دفتر لاہور میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ریاستی اداروں کی بیلنس پالیسی ملک کو کھوکھلا کر رہی ہے، دہشت گردوں کے ساتھ پرامن شہریوں کو بھی فورتھ شیڈول میں شامل کرکے ان کے لئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں، فورتھ شیڈول ظالمانہ ہے اسے ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پھانسیاں دینے کے اقدام کو ہر شہری نے سراہا تھا، لیکن صرف ایک ادارے پر حملے کے مجرموں کو ہی نہیں، تمام دہشت گردوں کو بلا امتیاز پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے۔ جنہوں نے عدالتوں میں سینکڑوں بے گناہوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پنجاب اور سندھ حکومتیں قاتل دہشت گردوں کی میزبانی کریں گی، تو ملک میں دہشت گردی کیسے ختم کی جاسکتی ہے، سکیورٹی ادارے نوٹس لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تکفیری دہشت گرد گروہ نے ملک میں اپنی منفی اور تخریبی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں مگر حکومتی ادارے خوفزدہ ہیں، کوئی انہیں پوچھنے کو تیار نہیں۔ مساجد اور امام بارگاہوں میں لاوڈ سپیکر پر سوائے اذان کے ہر طرح کی تقریر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حتٰی کہ ایک طبقے کو خوش کرنے کے لئے درود و سلام پر بھی پابندی عائد کی گئی۔ مگر سندھ اور پنجاب حکومتوں کی سرپرستی میں دہشت گرد گروہ لاوڈ سپیکرز کے ساتھ سڑکوں پر ریلیاں اور جلسے کرتا پھرتا ہے۔ علامہ سبطین سبزواری نے واضح کیا کہ شیعہ علماء کونسل علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف عزاداری کے تحفظ کی جنگ لڑ رہی ہے، کسی سے خوفزدہ نہیں۔ ہم میدان میں کھڑے ہیں۔ جو موت سے ڈرتا ہے، بے شک ہمار ا ساتھ چھوڑ جائے۔ ہمیں کوئی شکوہ نہیں ہوگا۔ ہم پروقار قوم ہیں اور سر اٹھا کر جئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور مذہبی حقوق کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں ملت جعفریہ نے دی ہیں۔ اس کا تقابل کسی طبقے سے نہیں کیا جاسکتا۔ آئندہ بھی قربانیاں دینے کو تیار ہیں، مگر عزاداری سیدالشہداء پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔