آئی ایس او کے زیراہتمام پنجاب میں 400 مقامات پر تربیتی ورکشاپس ہوں گی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سینئر مرکزی نائب صدر علی مہدی نے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ایک اہم اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے قیمتی لمحات سے استفادہ کرتے ہوئے ملک بھر میں تربیتی فکری ورکشاپس کا سلسلہ جاری ہے، اب تک سندھ و بلوچستان میں 110 سے زائد مقامات پر ایک روزہ اور سہہ روزہ ورکشاپس جاری ہیں جن میں سینکڑوں نوجوان اسلامی تعلیمات سے بہرہ مند ہو رہے ہیں۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سندھ بلوچستان کے ساتھ پنجاب بھر کی 9 ڈویژنز میں بھی ورکشاپس کا آغاز کیا جائے گا پنجاب میں 400 سے زائد مقامات پر علماء کرام و سنیئرز اسلامی تعلیمات کی تبلیغ کریں گے۔
مرکزی سنیئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ ورکشاپس کے انعقاد کا مقصد تعلیمات قرآن و سیرت محمد و آل محمد کو ملک کے گوش و کنار میں پھیلانا ہے، دین دشمن عناصر اسلام کے خوبصورت چہرے کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایسے میں حقیقی تعلیمات اسلامی کا فروغ وقت کی اشد ضرورت ہے۔ پنجاب کے 9 ڈویژنز میں ورکشاپس کے مقامات کی تفصیل کے مطابق لاہور میں 35، راولپنڈی میں 50، سرگودھا میں 30، گوجرانوالہ 62، فیصل آباد 50، ملتان 70، بہاولپور 44، ڈی جی خان 80 اور ساہیوال میں 48 مقامات پر آئی ایس او کے زیراہتمام تربیتی و فکری ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔ ورکشاپس ٹیمز میں طلبا جامعہ بعثت، ادارہ المہدی تربیت اسلامی، ادارہ پیام عمل، سابقین آئی ایس او شامل ہیں۔ ورکشاپ کے ایجنڈا میں تاریخ تشیع، آئمہ طاہرین کی سیرت اور مختلف ادوار میں حکمت عملی، تعلیم کی اہمیت ملت تشیع پاکستان و جہان کی معروف شخصیات کا تعارف اور معرفت قرآن شامل ہیں۔ ورکشاپس کے اختتام پر دروس پر مشمتل امتحان لیا جائے گا اور پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔