Uncategorized

آپریشن ضرب عضب کی کامیابی، مجلس وحدت مسلمین نے جمعہ کو یوم دعا منانے کا اعلان کر دیا

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے ضلع لاہور کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے سے مر رہے ہیں، کمیشن مافیا میٹرو پروجیکٹ کے ذریعے مال بنانے میں مصروف ہے، چھ ماہ میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے دعویدار نواز شریف اور شہباز شریف قوم کے مجرم ہیں، کراچی سمیت ملک بھر میں ہوشربا لوڈشیڈنگ سے ہزاروں افراد کے اموات کی ایف آئی آر صوبائی و وفاقی حکومتوں اور کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف درج کی جائے۔ اجلاس میں علامہ امتیاز کاظمی، علامہ اظہر حسن، نجم الحسن سمیت دیگر عہدیدار شریک تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عدالتیں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو متاثر کرنے کے بجائے کراچی کے ہزار سے زائد انسانوں کے قتل عام پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا واحد حل فوجی عدالتیں ہیں، ان کے خلاف کسی بھی عمل کو عوام برادشت نہیں کریں گے، سپریم کورٹ اور بار کونسلز کوئٹہ سمیت ملک بھر میں بے گناہ ساٹھ ہزار سے زائد پاکستانیوں کو انصاف نہیں دے سکے، اب کس ایجنڈے پر پاکستان کی بقا اور سلامتی کی جنگ کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔ علامہ اسدی نے کراچی میں جان بحق ہونے والوں کی مغفرت اور وطن عزیز میں باران رحمت اور آپریشن ضرب عضب میں کامیابی کے لئے جمعہ کو یوم دعا منانے کا اعلان کیا، ہر ضلع میں قرآن خوانی اور دعائیہ اجتماعات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غیور عوام ہوش کے ناخن لیں اور ان لٹیروں، سرمایہ داروں اور سیاسی فرعونوں کیخلاف میدان میں نکلیں، ان ملک دشمنوں سے پائی پائی کا حساب لینے کا وقت آن پہنچا ہے اور انشااللہ اس بار نہ کوئی جدہ جائے گا، نہ لندن، پاکستانی قوم اب ان خائن اور قومی مجرموں کو کبھی معاف نہیں کریگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button