حکومت ماہ مقدس میں ملک بھر میں زیرو آورز لوڈشیڈنگ کا اعلان کرے، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شدید گرمی کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ہونیوالے جانی نقصان پر اظہار افسوس اور رمضان المبارک میں بدترین و ظالمانہ لوڈشیڈنگ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل علامہ عارف حسین واحدی نے مطالبہ کیا کہ حکومت ماہ مقدس میں ملک بھر میں زیرو آورز لوڈشیڈنگ کے فارمولے کا اعلان کرے۔ اس تشویش اور افسوس کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات ہونی چاہیں، انہوں نے کہا کہ ملک کے جہاں بے شمار مسائل ہیں، ان میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی کے بعد لوڈشیڈنگ کا ہے، جس نے ایک طرف عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کردیا ہے تو دوسری طرف اسی وجہ سے معیشت بھی زبوں حالی کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ماہ صیام میں سحر و افطار کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں کی جائیگی مگر افسوس یہ وعدہ بھی صرف اعلانات تک ہی محدود رہ گیا اور عملدرآمد ہوتا دکھائی نہیں دیتا، انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ماہ مبارک میں پورے ملک کیلئے زیرو آورز لوڈشیڈنگ پر عملدرآمد کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب انہوں نے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر سے ہونیوالے جانی نقصان پر بھی دلی افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔