علامہ طاہر القادری نواز حکومت کیخلاف پھر پر تولنے لگے، نئی صف بندی کیلئے رابطے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عیدالفطر کے بعد نئی صف بندی کے سلسلے میں سیاسی رابطے شروع کردیئے اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے اپنی ہم خیال مذہبی وسیاسی جماعتوں سے حکمت عملی مرتب کرنے کے لئے تجاویز طلب کرلیں ۔ذرائع نے بتایا کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اپنی ہم خیال مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اس نکتہ پر غور کررہے ہیں کہ حکومت کے خلاف کس انداز میں تحریک چلائی جائے اور تحریک کا ایجنڈا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفیٰ سے مشروط کیا جائے یا پھر کوئی اور شرائط بھی رکھی جائیں ۔ حکومت کے خلاف ممکنہ تحریک چلانے کے دوران انتخابی نظام میں اصلاحات کے متعلق مطالبات کئے جائیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے ان ہم خیال جماعتوں کی اولین ترجیح یہ ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا خاتمہ کیا جائے ،ملک میں دوبارہ الیکشن کروائے جائیں اور انتخابی نظام میں اصلاحات کی جائیں۔عیدالفطر کے بعداس بات کا قوی امکان ہے کہ مجلس وحدت مسلمین اورسنی اتحاد کونسل سمیت دیگر ہم خیال سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے صف بندی کی جائے گی ۔فی الحال عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا سے رابطہ کیا ہواہے ان سے تجاویز مانگی ہیں ۔ طاہرالقادری کے میڈیا ایڈوائز ر نوراللہ صدیقی نے کہا کہ سیاسی رابطے جاری ہیں ان میں عید کے بعد تیز ی آئے گی، حکومت کے خلاف عید کے بعد چلنے والی تحریک کا حصہ بنیں گے ۔