ایم ڈبلیو ایم بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی، ناصر شیرازی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے بھکر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی، جن اضلاع میں مضبوط امیدوار ہوں گے اُن کو ٹکٹیں جبکہ باقی علاقوں میں اتحادی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔ اس موقع پر بھکر کے ضلعی سیکرٹری جنرل ایڈوکیٹ سفیر شہانی اور ضلعی سیکرٹری سیاسیات احسان اللہ خان بلوچ بھی موجود تھے۔ ناصر شیرازی نے کہا کہ سانحہ کوٹلہ کے حوالہ سے فریقین میں ثالثی کروانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انعام اللہ نیازی کا بھی اس میں اہم کردار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے لیہ کے سیلابی علاقوں کا دورہ کیا ہے اور وہاں پر ایم ڈبلیو ایم نے سیلاب متاثرین کو ریلیف دیا ہے، ہم نے میڈیکل کیمپ بھی لگائے ہیں جبکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام بھی جلد شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ یہ کام حکومت کا ہے کہ متاثرین کی بحالی کے لئے اقدامات کرتی لیکن حکمران محض فوٹو سیشن کروا کر چلے جاتے ہیں متاثرین کی بحالی کے لئے کچھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اگر پیشگی اقدامات کرتے تو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچا جا سکتا تھا لیکن حکمرانوں کو عوام سے کوئی سروکار ہی نہیں، انہیں تو اپنے کاروبار کی فکر ہے کہ کس طرح فلائی اوور اور سڑکیں بنا کر کمیشن جمع کرنا ہے۔