ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سے ملاقات،گرفتاریوں پر تحفظات کا اظہار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے حجت الاسلام و المسلمین علامہ اصغر عسکری کی قیادت میں راولپنڈی کے ریجنل پولیس آفیسر وصال فخر سلطان راجہ سے ملاقات کی ۔ملاقات میں علامہ امین شہیدی کے وارنٹ گرفتاری کیے جانے اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں ایم ڈبلیو ایم کے بے گناہ کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک محب وطن جماعت ہے اور اس نے ہمیشہ اتحاد ،وحدت اور رواداری کا درس دیا۔پاکستان میں دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان ملت تشیع کواٹھانا پڑا اس کے باوجود ہم نے ہمیشہ صبر اور قانون کے دامن کو ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ہمارے نزدیک وطن عزیز میں امن و سلامتی کا واحد حل قانون و انصاف کی بالادستی ہے۔کچھ مذموم عناصر ملک میں تفرقہ بازی کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ہر اس شخص کے خلاف مصروف عمل ہیں جو بھائی چارہ کی بات کرتا ہے۔آغا امین شہیدی کا نام جھوٹی ایف آئی آر میں شامل کیا جانا پرامن فضا کو مکدر کرنے کی ایک گھناونی سازش ہے۔راولپنڈی انتظامیہ کو اس سلسلے میں منصفانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے حقائق کو پرکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا امین شہیدی کی شخصیت ان کے درس اخوت کی وجہ سے دیگر مسالک میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھی جا تی ہے۔ایک ایسے شخص کو قتل کے جھوٹے مقدمے میں الجھانے کی کوشش کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس جھوٹی ایف آئی آر کی تحقیقات کی جائے۔ آر پی او نے کہا کہ علامہ امین شہیدی ایک مثبت شخصیت کے مالک ہیں ۔مذکورہ کیس کے حوالے سے میں تمام پہلووں کا ذاتی طور پر جائزہ لوں گا اور انشا اللہ کسی سے بھی نا انصافی نہیں کی جائے گی۔وفد کے اراکین میں ملک اقرا حسین،علامہ عبد الخالق اسدی،برادر علی حسین نقوی اور سعید الحسن رضوی شامل تھے۔