بلدیاتی انتخابات کو محرم الحرام میں کرانا نون لیگ کی بدنیتی اور متعصبانہ سوچ کی عکاسی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )نون لیگ پنجاب اور گلگت بلتستان میں ملت جعفریہ کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں حد سے آگے نکل چکی ہے، بلدیاتی انتخابات کو محرم الحرام میں کرانا نون لیگ کی بدنیتی اور متعصبانہ سوچ کی عکاسی ہے، مجلس وحدت مسلمین کی پولیٹکل کونسل کا اجلاس رواں ماہ لاہور میں ہوگا، جس میں اپوزیشن جماعتوں سے ہونے والے مذاکرات پر غور کیا جائے گا، بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، ہم مظلوموں کے حقوق کا ہر فورم پر دفاع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا آپریشن ضرب عضب کی کامیابی ہی پاکستان کی سلامتی و بقا کی ضامن ہے، دشمن قوتیں اس آپریشن کے خلاف اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے متحرک ہوچکی ہیں، پنجاب میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور ہمدردوں کی بجائے دہشت گرد مخالف قوتوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ امین شہیدی کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر میں نام پنجاب کابینہ میں شامل تکفیریوں کے ہمدرد وزیر کے ایماء پر شامل کیا گیا، اس کا ہمارے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہے۔ انہوں نے کہا پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی ترقی میں شہ رگ کے مانند ہے، اس کے خلاف اندرونی یا بیرونی ہر سازش کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لئے قوم کا ہر فرد آمادہ و تیار ہے، ریاستی اداروں کے تقدس کے خلاف بولنے والوں کا بروقت محاسبہ ضروری ہے، کراچی میں قیام امن کے لئے کوششیں قابل تحسین ہیں، تاہم کالعدم شدت پسند جماعتوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے۔