راحیل شریف کو ’ابھی‘ ریٹائر نہیں ہونا چاہیے، پرویز مشرف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سابق صدر اور فوجی سربراہ ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز پیش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ فوجی سربراہ کی تبدیلی سے ‘سب کچھ رائیگاں چلا جائے گا’۔
نجی ٹی وی چینل سماء کو انٹرویو دیتے ہوئے پرویز مشرف، جنھوں نے خود اپنی مدت ملازمت میں 5 سال کی توسیع حاصل کی تھی، کا کہنا تھا کہ وہ جنرل راحیل شریف کی عوامی مقبولیت سے بہت خوش ہیں کیونکہ وہ ’بہت اچھا کام‘ کررہے ہیں، جسے جاری رہنا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ ’جو کام جنرل راحیل شریف کررہے ہیں اسے جاری رہنا چاہیے اگر فوجی رہنما تبدیل ہوگا تو اس سے یہ سب متاثر ہوجائے گا اور اب تک کا کیا جانے والا تمام اچھا کام رائیگاں چلا جائے گا۔‘
سابق فوجی سربراہ کا کہنا تھا کہ اسی لیےان کی خواہش اور تجویز ہے کہ جنرل راحیل شریف کو مزید کچھ عرصہ فوجی سربراہ رہنا چاہیے۔
خیال رہے کہ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت آئندہ سال نومبر میں ختم ہورہی ہے، جنرل راحیل شریف کی جانب سے آپریشن ضرب عضب کا آغاز اور پشاور اسکول حملے کے بعد نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے جیسے اقدامات کو عوام کی جانب سے کافی پذیرائی حاصل ہوئی ہے، جس پر عوام کا بھی یہی مطالبہ ہے کہ جنرل راحیل شریف کوملک سے تکفیری دہشتگردوں کے مکمل خاتمہ تک توسیع ملنی چاہیے۔