لاہور، شیراکوٹ میں پولیس نے 4 دہشت گرد مار ڈالے، 4 فرار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لاہور میں حساس اداروں اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران حساس اداروں نے موقع سے بھاری اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔ شیرا کوٹ کے قریب حساس اداروں اور پولیس نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ گھر گھر تلاشی کے دوران دہشتگردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے جبکہ 4 ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ موقع سے بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ ہلاک ہونیوالے چاروں دہشتگردوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے میو ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق فرار ہونیوالے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، جنہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ ہسپتال میں چاروں دہشتگردوں کی شناخت امجد، فیاض، صداقت اور صدام کے نام سے ہو گئی ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق شیرا کوٹ میں کارروائی شجاع خانزادہ خودکش حملے کے ماسٹرمائنڈ قاری سہیل کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی تاہم مارے گئے چاروں افراد بھی اٹک خودکش حملے میں ملوث تھے۔