جنوبی پنجاب میں وزیرستان طرز کا آپریشن ضرب عضب کیا جائے، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سربراہ پاکستان سُنّی تحریک محمدثروت اعجاز قادری نے کہاکہ دہشتگردوں کے سہولت کار اسمبلیوں میں موجود ہیں، دہشتگردوں کے سیاسی سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کیے بغیر دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں تحفظ ناموس رسالت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی، اسلام کے نام پر قتل و غارت گری کرنے والے فسادیوں کو آڑ بنا کر سیکولر طبقے نے پاکستان کے اسلامی تشخص کیخلاف کئی محاذ کھول دیے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سُنّی تحریک کے زیراہتمام تحفظ ناموس رسالت و عقیدہ ختم نبوت ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھاکہ ملک سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے حکومت اور فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، انتہاپسندی کا توڑ صوفی ازم میں ہے، مذہب کے نام پر ہونے والی قتل و غارت کی وجہ سے اسلام اور پاکستان کی شدید بدنامی ہوئی ہے، طالبان اور داعش دونوں اسلام کے دشمن ہیں، نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم جماعتوں پر پابندی لگائی جائے، بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے سازشیں کر رہا ہے، بھارتی سازشوں کے توڑ کیلئے فعال خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے، بھارت جان لے کہ ایٹمی جنگ ہوئی تو کسی کا کچھ نہیں بچے گا، دہشت گردی کا شور مچاکر مسئلہ کشمیر کو طول دینا درست نہیں، کشمیر کے حوالے سے جرات مندانہ موقف نے قوم کو حوصلہ دیا ہے، بھارت پاکستان کا چار نکاتی امن فارمولا تسلیم کرے، آپریشن ضرب عضب کی تکمیل تحفظ پاکستان کی ضمانت ہے، پاک فوج نے دہشتگردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، پوری قوم دہشت گردی کےخلاف پاک فوج کےساتھ ایک پیج پر ہے، جنوبی پنجاب میں بھی وزیرستان طرز کا آپریشن کیا جائے، 16 اکتوبر کو سانحہ آرمی پبلک پشاورکیخلاف ملک گیریوم سیاہ منائیں گے، ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کروانےکا فیصلہ خوش آئند ہے، کرپشن میں ملوث سیاسی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے، کسی دہشت گرد تنظیم کے ہاتھوں یرغمال بننے کے بجائے کراچی آپریشن کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے۔