پاکستانی شیعہ خبریں

امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے 1250 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے عظیم صوفی بزرگ امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمتہ اللہ علیہ کے 1250 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا افتتاح کردیا ہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا ہے کہ صوفیوں کا پیغام امن و محبت استحکام پاکستان کا ضامن ہے، افتتاح کے موقع پر صوبائی مشیر اوقاف ڈاکٹر قیوم سومرو اور حکومتی شخصیات نے بھی مزار پر حاضری دی۔ گورنر سندھ نے علی الصبح مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوفیوں اور بزرگوں کی دعاؤں کے طفیل پاکستان قائم و دائم رہے گا، گورنر سندھ نے زائرین کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی، گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہر فرد ملک کو دہشت گردی سے پاک دیکھنے کا خواہش مند ہے، سندھ اولیاء کرام کی دھرتی ہے، سید عبداللہ شاہ غازی ؒ اسلام کی ترویج و اشاعت کیلئے سندھ تشریف لائے اور یہاں امن و آشتی اور رواداری کا پیغام عام کیا۔ سید عبداللہ شاہ غازی کے عرس کے سلسلے میں محکمہ اوقاف اور انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے مزار کے اطراف سیکیورٹی کے خصوصی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

مزار پر آنیوالے زائرین مرد و خواتین کیلئے علیحدہ علیحدہ راستے بنائے گئے ہیں جہاں مکمل تلاشی کے بعد انہیں مزار پر جانے کی اجازت دی جارہی ہے، محکمہ اوقاف اور زائرین کی جانب سے بڑے پیمانے پر لنگر کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ ملک کے نامور قوال بارگاہ رسالتؐ میں اور حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے میں مصروف ہیں۔ عرس کے دوسرے روز منگل کے دن بعد نماز ظہر خواتین کی محفل میلاد منعقد ہوگی، جس میں نامور خواتین ثناء خواں شرکت کریں گی جبکہ بعد نماز عشاء محفل نعت کا انعقاد ہوگا جس میں ملک کے نامور نعت خواں حضرات بارگاہ رسالتؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمتہ اللہ علیہ کے عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی، عرس کے آخری روز آٹھ اکتوبر کو اختتامی تقریبات کے موقع پر کراچی میں عام تعطیل ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button