ڈیرہ اسماعیل خان، محرم الحرام کے دوران پاک فوج سیکورٹی میں پولیس کی مدد کرے گی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کا سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق حسین بلوچ نے میڈیا کو سکیورٹی پلان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیرہ پولیس نے محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی۔ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کو دس سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر سیکٹر کا انچارج ڈی ایس پی یا انسپکٹر ہو گا۔ تین ایس پی اور چھ ڈی ایس پیز کے علاوہ پانچ ہزار 663 پولیس اہلکار بیک وقت اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینگے۔ اسی طرح پولیس کیساتھ ایلیٹ، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور لیویز کے اہلکار بھی تعینات ہونگے۔ خفیہ کیمروں کے ذریعے محرم الحرام کے جلوسوں کی نگرانی کی جائیگی۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی، جبکہ یوم عاشورہ کے موقع پر موٹر سائیکل پر مکمل پابندی ہو گی۔ اسی طرح نو اور دس محرم الحرام کے روز پہاڑ پور، ڈیرہ شہر، پروآ اور کلاچی میں موبائل فون کی بندش کے حوالے سے صوبائی حکومت کو لیٹر ارسال کر دیا گیا ہے۔ محرم الحرام کے دوران پولیس کو پاک فوج کی بھی مدد حاصل ہو گی۔ ڈی پی او صادق حسین بلوچ نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی کے حوالے سے دہشتگردوں کی طرف سے دہشتگردی کے واقعات کے خدشات موجود ہیں۔ ڈیرہ پولیس نے سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔ سی آر بی سی نہر کے چودہ پلوں کو مقامی منتخب نمائندوں کی مشاورت سے مٹی اور پتھروں سے مکمل طور پر بند کر دیا جائیگا۔ جس کا مقصد سکیورٹی کو مضبوط بنانا ہے۔ اسی طرح پہلی مرتبہ امام بارگاہوں پر کسی تھانہ کے ایس ایچ او کی ڈیوٹی نہیں لگائی گئی اور ضلع بھر کے چودہ ایس ایچ اوز اپنے متعلقہ تھانے میں ہی سکیورٹی کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔