ژوب میں محرم الحرام میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ،2 دہشت گرد گرفتار
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ژوب میں ایف سی اور حساس اداروں نے محرم الحرام کے موقع پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے وزیرستان سے آنے اولے دو دہشتگرد فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ژوب میں ایف سی اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر میر علی خیل روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے وزیرستان سے دو موٹر سائیکلوں کے ذریعے آنے والے دو دہشتگردوں کو روکنے کا اشارہ کیا۔ جس پر دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم دونوں دہشتگرد گرفتار کرلئے گئے۔ ایف سی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے بلوچستان میں محرم الحرام کے دوران دہشتگردی کا منصوبہ بنایا تھا۔ دہشتگردوں سے برآمد ہونے والے اسلحہ میں چار ہزار مختلف اقسام کے راونڈز، پانچ راکٹ لانچر، چار دستی بم، دس پستول، دس میگزین پانچ کلو دھماکہ خیز مواد اور نو فیوز شامل ہیں۔ گرفتار دہشتگردوں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔